کاروار:20/اپریل (ایس او نیوز)اترکنڑا ضلع کے مختلف ودھان سبھا حلقوں سے جمعہ کے دن کل 6امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ضلع میں بی جےپی کی طرف سے 1، کانگریس 1اور جے ڈی ایس کی طر ف سے 1امیدوار نے اپنی نامزدگی کا پرچہ داخل کیاہے تو 3آزاد امیدواروں نے انتخاب لڑنے کےلئے پرچہ داخل کیا ہے۔
ہلیال سے ضلع نگراں کاروزیر رگھوناتھ وشوناتھ دیش پانڈے (آر وی دیش پانڈے )نے کانگریس امیدوار کی حیثیت سےاور جنتا دل (سکیولر ) پارٹی کی طرف سے کے آر رمیش نے اپنا پرچہ داخل کیاہے ۔یلاپور میں بی جےپی امیدوار کے طورپر ویربھدر گوڈا شیو ن گوڈا پاٹل اندلگی کے علاوہ کمٹہ میں سومنا ہیگڈے اور بھٹکل میں ایرا درگپا نائک، سرسی میں فیاض مدار صاحب چوٹی نے آزاد امیدوار کے طورپر پرچہ نامزدگی داخل کی۔ جب کہ کاروار سے ابھی تک کسی نے بھی کوئی پرچہ داخل نہیں کئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔